ویب ڈیسک: بھارت میں تیز رفتار گاڑی نے دو لڑکیوں کو روند ڈالا، حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب کے ضلع جالندھر کے دھنو والی گیٹ کے سامنے شاہراہ پر صبح کے وقت افسوسناک حادثہ پیش آیا، تیز رفتار گاڑی نے سڑک پر کھڑی دو لڑکیوں کو کچل دیا۔حادثے کے نتیجے میں ایک لڑکی موقع پر ہی ہلاک ہوگئی جبکہ دوسری لڑکی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکیاں سڑک عبور کرنے کے لیے کھڑی تھیں کہ اچانک تیز رفتار گاڑی میں سوار سب انسپکٹر انہیں کچلتے ہوئے فرار ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ایک لڑکی جس کی شناخت نوجوت کور کے نام سے ہوئی موقع پر ہی دم توڑ گئی، حادثے میں زخمی ہونے والی لڑکی کی شناخت ممتا کے نام سے ہوئی۔
حادثے کا شکار ہونے والی دونوں لڑکیوں کا تعلق دھنو والی گاؤں سے ہے جو نجی کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں۔جالندھر کے رہائشیوں نے حادثے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی اور پولیس افسر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔پولیس کمشنر نوہال سنگھ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد رہائشیوں کے احتجاج کے باعث ہائی وے پر ٹریفک جام ہوگیا، مذکورہ واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں۔