شہر کے 31 مقامات پر سہولت بازار قائم

19 Oct, 2020 | 09:19 PM

Arslan Sheikh

( راؤ دلشاد حسین ) حکومت کو مہنگائی میں پسے عوام کو ریلیف دینے کا خیال آہی گیا، شہریوں کو مہنگائی کے جن سے نجات دلانے کیلئے بزدار سرکار نے شہر کے 31 مقامات پر سہولت بازار لگا دیئے، ضلعی انتظامیہ نے بارہ گھنٹے قبل کیے گئے فیصلے پر عملدرآمد کردیا۔

ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے بارہ گھنٹے کے نوٹس پر شہر میں 31 سستے سہولت بازار لگا دیے۔ ڈی سی لاہور نے شادمان سہولت بازار اور بیگم کوٹ سہولت بازار کا دورہ کیا۔ سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ شادمان سہولت بازار میں 1 سٹال پر ریٹ لسٹ آویزاں نہ ہونے پر مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف کو سیدھا جیل بھیجنے کی وارننگ دی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ سہولت بازار قائم کرنے کا مقصد ہی عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنا ہے، ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ لاہور کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈی سی لاہور نے سہولت بازاروں میں آٹے کی دستیابی اور سپلائی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ سہولت بازاروں میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلہ 860 کی بجائے 840 روپے میں دستیاب ہوگا۔

شہریوں نے حکومت کے سستا بازار لگانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس بازار کو بند نہ کیا جائے اور اس کے ساتھ اتوار بازار بھی لگائے جائیں۔

سہولت بازاروں میں پھلوں میں سیب کالاکلو پہاڑی 120 روپے فی کلو، سیب گولڈن 63، کیلا درجن اول 80، کیلا درجن دوم 53، انار 135، کھجور 270، انگور 150، خربوزہ 230 اور تربوز 115 میں دستیاب ہے جبکہ سبزیوں میں پیاز 58، ٹماٹر 105، لہسن دیسی 250، لہسن چائنہ 144، ادرک چائنہ 390، لیموں دیسی 77، سبز مرچ 150، کھیرا دیسی 75، کریلے 70، پھول گوبھی 55 اور گھیا کدو 40 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔

سستے سہولت بازاروں کے مستقل قیام سے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے گا۔ 

مزیدخبریں