کریسنٹ ماڈل سکینڈری سکول کی پرنسپل کا کورونا کے باعث انتقال 

19 Oct, 2020 | 07:08 PM

Arslan Sheikh

( جنید ریاض ) کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول شادمان کی پرنسپل صوبیہ لودھی انتقال کرگئی، سکول انتظامیہ کے مطابق مرحومہ ڈیڑھ ماہ سے کورونا کے مرض میں مبتلا تھیں، مرحومہ کی نماز جنازہ صبح گیارہ بجے پنجاب کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی نزد ٹاؤن شپ میں ادا کی جائے گی۔

شادمان میں واقع کریسنٹ ماڈل سکول کی پرنسپل صوبیہ لودھی کورونا کے باعث انتقال کر گئیں۔ صوبیہ لودھی نے اگست 2015 میں کریسنٹ ماڈل سکول کا چارج سنبھالا تھا۔ صوبیہ لودھی نے اس سے قبل کئی نجی سکولوں میں بطور ہیڈ مسٹریس اور انتظامی عہدوں پر فرائض سرانجام دیئے۔

 صوبیہ لودھی نے سٹیچ لائٹ یونیورسٹی سکاٹ لینڈ سے ایم ایس سی ایجوکیشن کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔ صوبیہ لودھی واحد پرنسپل تھیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کریسنٹ ماڈل سکول میں بچوں کی تعداد چھ ہزار تک پہنچائی۔ اس وقت کریسنٹ ماڈل سکول میں ریکارڈ 9 ہزار بچے زیر تعلیم ہیں۔

صوبیہ لودھی کے دور میں کریسنٹ سکول کے بچوں نے بورڈ سمیت مقابلے کے امتحانوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مرحومہ کی نماز جنازہ صبح گیارہ بجے پنجاب کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی نزد ٹاؤن شپ میں ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ میں سکول سٹاف سمیت اہلخانہ اور رشتے داروں کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

دوسری جانب گرلز برانچ کی ہیڈ مسٹریس صوفیہ قادر بھی گلا خراب ہونے کیوجہ سے چھٹیوں پر چلی گئی ہیں۔ صوفیہ قادر کا کہنا ہے کہ میرا گلا خراب ہے لیکن میری کورونا رپورٹس نیگیٹو ہے، میں گھر بیٹھ کر سکول کے انتظامی معاملات کو دیکھ رہی ہوں۔ محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں کو چاہیے کہ وہ سکول میں فوری طور پر اساتذہ و طلباء کے کورونا ٹیسٹ کروائیں۔

ذرائع کے مطابق سکول میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھنے کی اصل وجہ طلباء کی تعداد تین ہزار سے بڑھ کر نو ہزار ہوجانا ہے جبکہ سکول چلانے کیلئے پرنسپل کے اختیارات عارضی طور پر کرنل ریٹائرڈ محمد علی کو سونپ دیئے گئے ہیں۔ 

 پنجاب میں کوروناوائرس کے 93 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 45 مریض لاہور سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا کیسز کی پنجاب بھر میں مجموعی تعداد 1 لاکھ 16 سو 62 ہوگئی ہے اور 2 ہزار 298 اموات رپورٹ ہوئی ہے۔ لاہور میں کورونا کے مجموعی طور پر 51 ہزار 39 کیسز اور 891 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔ صوبے بھر میں کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 97 ہزار 238 ہوچکی ہے۔

مزیدخبریں