سٹی 42 :پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ معروف چینی موبائل ایپ ٹک ٹاک کو پاکستان میں بحال کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹک ٹاک مینجمنٹ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ غیراخلاقی مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس کو بلاک کیا جائے گا اور اکاؤنٹس کی مقامی قوانین کے مطابق نگرانی بھی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک بحال کرنے کا فیصلہ پی ٹی اے اتھارٹی کےاجلاس میں کیا گیا۔ ٹک ٹاک انتظامیہ غیراخلاقی و غیر مناسب مواد کی روک تھام کا میکانزم بنانے پر آمادہ ہے اور اس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ غیراخلاقی موادکی مسلسل نگرانی اورایسےاکاؤنٹس معطل کرنےکامقامی نظام بنادیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے 9 اکتوبر کو ٹک ٹاک پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔ پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات کی گئی تھیں جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔