حمزہ شہباز نے پرویز الہیٰ پر سنگین الزامات لگا دیئے

19 Oct, 2018 | 11:19 AM

Sughra Afzal
Read more!

(سٹی 42) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے اسپیکر پرویز الہیٰ کو نشانے پر رکھ لیا، کہتے ہیں کہ ایک ایسا شخص اسپیکر کی کرسی پر براجمان ہے، جس نے 12 ووٹ چوری کیے، پرویز الہیٰ رنگ روڈ سکینڈل میں ملوث ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس شروع ہوچکا ہے،آج بجٹ پر بحث کی جائیگی لیکن( ن)لیگی معطل اراکین نے پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر ہی دھرنا دے دیا ہے، اپوزیشن کے تمام اراکین نے بھی ان کا ساتھ دیتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔

 پنجاب اسمبلی کے باہر کارکنوں سے خطاب  کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عام انتخابات کی رات ہی دھاندلی پر تحفظات کا اظہار کردیا تھا، دھاندلی کے باوجود نتائج قبول کیے، سپیکر کے انتخاب کیلئے 12 ووٹ چوری کیے گئے، اسپیکر کا رویہ تھانیدار جیسا ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پرویز الہی رنگ روڈ اسکینڈل میں ملوث ہیں، رنگ روڈ کی الاٹمنٹ کو تبدیل کیا گیا،تاکہ زمین پر قبضہ کیا جائے۔پرویز الہیٰ کا پہلے لیڈر نواز شریف پھر مشرف تھا۔

اپوزیشن لیڈر نے اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی تصویر کو جعلی قرار دے دیا۔ کہتے ہیں جب تک معطل کیے گئے 6 ن لیگی ارکان کو بحال نہیں کیا جاتا ،میں اجلاس میں شرکت نہیں کروں گا۔ ہم جمہوریت کی خاطر اسمبلی میں آئے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ سکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا، مسلم لیگ(ن) آج بھی سب سے بڑی جماعت ہے۔

دوسری جانب دھرنے میں شریک  ایم پی اے  راحت حفضہ بے ہوش ہوگئیں جنہیں ریسکیو 1122کے ذریعے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے منی بجٹ پیش کردیا ہے جس پر آج بحث ہونی ہے ،اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف بحث کا آغاز کرینگے۔
 

  

مزیدخبریں