ویب ڈیسک:ٹیچر کے ڈانٹنے پر طلبا نے یوٹیوب سے بم بنانے کا طریقہ سیکھ کر ٹیچر کی کرسی میں دھماکا کردیا۔
بھارتی ریاست ہریانہ کے ایک کالج میں خطرناک واقعہ پیش آیا جب طالب علموں کے ایک گروپ نے اپنی خاتون ٹیچر کی کرسی پر بم نصب کرکے دھماکا کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خطرناک حرکت بارہویں جماعت کے طالب علموں نے کی جنہوں نے سائنس ٹیچر کی کرسی کے نیچے پٹاخے نما آلے سے دھماکا کیا۔ مبینہ طور پر ٹیچر کی جانب سے ڈانٹ ڈپٹ کیے جانے کے بعد طالب علموں نے دلبرداشتہ ہوکر بدلہ لینے کی ٹھان لی ۔ انہوں نے دھماکا خیز ڈیوائس بنانے کے لیے یوٹیوب کا استعمال کیا، طریقہ سیکھنے کے بعد انہوں نے اپنی ہی ٹیچر کی کرسی پر مواد نصب کیا جسے ریموٹ کے ذریعے اڑایا۔تاہم خوش قسمتی سے ٹیچر اس دھماکے میں محفوظ رہیں لیکن طلبا کی جانب سے اس قسم کی حرکت کے بعد کئی سوالوں نے جنم لے لیا۔ ہریانہ کے محکمہ تعلیم نے سخت کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 13 طلبہ کو ایک ہفتے کے لیے معطل کر دیا ہے۔لیکن اس واقعے نے آن لائن پلیٹ فارمز کے غلط استعمال اور اسکولوں میں اساتذہ کی حفاظت کے بارے میں خدشات کو بھی جنم دیا ہے۔