حسن علی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی نواز اعوان نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق علی نواز اعوان کی لاہور میں آئی پی پی کے پیٹرن انچیف جہانگیرترین اور صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں عون چوہدری اورآئی پی پی کی دیگر قیادت نے شرکت کی۔
ملاقات میں علی نواز اعوان نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ جہانگیرترین سے ملاقات میں علی نواز اعوان نے اپنے ائندہ سیاسی فیصلے سے آگاہ کیا۔
جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے علی نواز اعوان کو آئی پی پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔
دوسری جانب سابق صوبائی وزیر سردار آصف نکئی بھی کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے اور جہانگیر ترین اور علیم خان سے ملاقات کے بعد انہوں نے بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
اس ملاقات میں عون چوہدری، صمصام بخاری، نعمان لنگڑیال اور دیگر قیادت بھی شریک تھے۔