کرکٹ بورڈ کو نئے چیف سلیکٹر کی تلاش

19 Nov, 2022 | 06:38 PM

ویب ڈ یسک : بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) نے نئے چیف سلیکٹر کی تلاش شروع کر دی ہے۔

بی سی سی آئی نے گزشتہ روز چیتن شرما کی سربراہی میں چار رکنی سلیکشن کمیٹی کو برخاست کر دیا تھا اور اب نئی سلیکشن کمیٹی کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق فاسٹ بولر اجیت آگرکر چیف سلیکٹر کے لئے بی سی سی آئی کی پہلی پسند ہیں۔

اجیت آگرکر کو کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کھیلنے کا تجربہ ہے۔ ٹیسٹ اور ون ڈے کے علاوہ وہ 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھی ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔سابق میڈیم فاسٹ بولر آئی پی ایل میں بھی کھیل چکے ہیں اور اس وقت دہلی کیپیٹلز کے اسسٹنٹ کوچ ہیں۔

اجیت آگرکر کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور انہوں نے آئی پی ایل میں ان کے ساتھ کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں بھارت کے ڈومیسٹک فارمیٹ کی بہت اچھی سمجھ ہے۔

بی سی سی آئی نے چیف سلیکٹر چیتن شرما سمیت سلیکشن کمیٹی کے 4 ارکان کو گزشتہ روز برطرف کیا تھا۔ بھارتی بورڈ نے ان کی برطرفی کی واضح وجوہات نہیں بتائی، لیکن ایسا مانا جا رہا ہے کہ لگاتار دو T20 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی خراب کارکردگی اس کی وجہ ہو سکتی ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے بعد اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کپتانی کرنے والے روہت شرما کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہیں ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے ہٹایا بھی جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں