(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر خزانہ محسن خان لغاری نے کہاہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا حکومت کے ٹیکسز نہ ملنے کے بیانات بتا رہے ہیں منی بجٹ آ سکتا ہے، اسحاق ڈار کہتے رہے آئی ایم ایف کو راضی کر لیں گے تو کوئی امداد نہیں دے رہا ہے۔
ڈی جی پی آرمیں صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری اور ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ صوبائی وزیر محسن خان لغاری نے خطرے کی گھنٹی کا خدشہ ظاہر کیا، بولے ملک کے ڈیفالٹ کا 80 فیصد خطرہ ہے، ٹیکسز کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے آئندہ مہنگائی کا طوفان آنیوالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کہتے رہے آئی ایم ایف کو راضی کر لیں گے تو کوئی امداد نہیں دے رہا ہے، دنیا میں معاشی طورپر تنہا ہوگئے ہیں، ملکی معیشت بہت زیادہ کمزور ہوگئی ہے، این ایف سی سے ٹیکس کا پیسہ نہیں آئے گا تو صوبے کو کیسے چلائیں گے؟ اب بھی ایک سو اسی ارب روپے وفاق نے دینے ہیں جو نہیں آئے، پاکستان کو حقیقی آزادی دلانے، جمہوریت و آئین کی بالادستی کا عزم کررکھا ہے۔
مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، آج ڈاکٹرز معائنہ کریں گے, ڈاکٹر آج بتائیں گے کہ کتنے دن میں وہ سفر کر سکتے ہیں اور راولپنڈی میں لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان بھی کریں گے.