لاہور ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ  گنے کے کاشتکاروں کی سنی گئی

19 Nov, 2020 | 06:58 PM

Khalid Shafiq

( عثمان علیم)شوگر ملوں کی جانب سے تاخیر سے ادائیگی کرنے پر کسانوں کو 11 فیصد مارک اپ ادا کرنا ہوگا، لاہور ہائی کورٹ نے کسانوں کو 11 فیصد مارک اپ دینے کے کین کمشنر کے فیصلے کی توثیق کر دی۔ 

تفصیلات کے مطابق کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شوگر ملوں کو ادائیگیوں میں تاخیر پر کسانوں کو 11 فیصد مارک اپ دینا ہوگا۔ اب کوئی شوگر مل کسانوں کی محنت کا معاوضہ نہیں روک سکے گی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد حمید نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کی رٹ پٹیشن پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔شوگر ملز نے کین کمشنر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔فیصلے کی رو سے اب پچھلے 2 سال کے عرصہ کے رکے ہوئے ایک ارب 46 کروڑ 40 لاکھ بھی کسانوں کو ملیں گے۔اس کے ساتھ 3 ارب روپیہ بطور مارک اپ ملے گا۔
یہ واجبات تمام شوگر ملوں نے پچھلے 2 سالوں میں 15 دن سے زیادہ کی تاخیر سے ادا کئے،فیصلے کی رو سے شوگر ملز اس بات کی بھی پابند ہوں گی کہ وہ کین کمشنر آفس کو گنے کی خریداری اور ادائیگیوں کی تمام تفصیلات فراہم کریں۔
پنجاب کی مجموعی طور پر 48 شوگر ملوں میں سے 8 شوگر ملوں کی جانب سے کسانوں کو ادائیگیاں واجب الادا ہیں۔

مزیدخبریں