کورونا،پی آئی اے اب مسافروں کو کھانے پینے کیلئے کیا پیش کریگی؟اعلان ہوگیا

19 Nov, 2020 | 04:30 PM

NASIR AMIN

(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے ) نے مسافروں اور عملے کے درمیان رابطہ کو محدود کرنے کے لئے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے دوران گرم مشروبات پیش کرنے کے سلسلے کو ترک کردیا ہے اور اب مسافروں کو پہلے سے  ڈبے میں پیک شدہ ٹھنڈے مشروبات پیش کئے جائیں گے۔

 
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام کووڈ- 19 کے کیسز میں اضافے کے باعث سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کا جائزہ لیتے ہوئے کیبن عملے اور مسافروں کے درمیان رابطے کو محدود کرنے کے لئے لیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی پروازوں میں چائے یا کافی کے بجائے پہلے سے ڈبے میں پیک شدہ ٹھنڈے مشروبات پیش کئے جائیں گے۔

 
اس کے علاوہ دیگر تمام بڑی ایئرلائنز کی طرح پی آئی اے سے سفر کرنے والے مسافروں کے لئے چہرے کو ماسک سے ڈھانپنا ضروری ہے تاکہ کووڈ 19 کے پھیلاو کو روکا جائے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او ) نے کھانے کی سروسز میں تبدیلی کی منظوری دی اور اس کا اطلاق 16 نومبر سے ہوگیا۔

کھانے کی سروس جو تبدیلی کی گئی اس کے مطابق ٹرے سروس کو فوری طور پر تمام سیکٹرز میں بند کردی گئی، مزید یہ کہ پی آئی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکی سکیٹرز میں صرف ٹھنڈے مشروبات پیش کئے جائیں گے جبکہ چائے یا کافی پیش نہیں کی جائے گی۔ایئرلائن نے سعودی عرب سیکٹر کے لئے اسنیکس، کلب سینڈوچز، چکن پیٹیز، ایک کیلا اور مفن پیش کرنے جبکہ کافی یا چائے پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

  
مزید یہ کہ واپسی کی پرواز پر کلب سینڈوچز، چکن پیٹیز، ایک کیلا اور بسکٹ پیش کیا جائے گا۔اسی طرح کابل اور خلیجی ممالک کی پروازوں میں صرف ہلکی پھلکی غذائیں یعنی اسنیکس پیش کئے جائیں گے۔علاوہ ازیں مختلف سیکٹرز میں کھانے کی سروس میں تبدیلی حفاظتی اقدامات کے تحت مسافروں اور عملے کے ارکان کے درمیان رابطے کو کم کرنے کے لئے کی گئی ہے۔

مزیدخبریں