سستی بجلی و گیس نہ ملنے پر اپٹما پنجاب نے اجلاس طلب کرلیا

19 Nov, 2018 | 10:17 PM

Arslan Sheikh

حسن علی: پنجاب کی ٹیکسٹائل سمیت دیگر ایکسپورٹس کی صنعت کو دوسرے صوبوں کی طرح یکساں گیس کی فراہمی کا نوٹیفکیشن نہ ہونے پر آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اپٹما پنجاب نے حکومت کی جانب سے دیگر صوبوں کی طرح یکساں قیمت پر گیس کی فراہمی کا نوٹس نہ ہونے پر منگل کو سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے پنجاب کی صنعت کو دیگر صوبوں کی طرح یکساں قیمت پر گیس اور بجلی فراہم کرنے کے وعدے پورے نہ کرنے پر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

اپٹما پنجاب کے چیئرمین عادل بشیر کا کہنا ہے کہ سندھ اور خیبر پختونخواہ میں ٹیکسٹائل کو گیس چار سو اٹھاسی روپے ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے فراہم کی جارہی ہے جب کہ پنجاب کی صنعت کو گیس سولہ سو تریسٹھ روپے ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے فراہم کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان، وزیر خزانہ اسد عمر اور مشیر وزیراعظم عبدالرزاق داؤد کی جانب سے سستی گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کے باوجود نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جارہا، اگر پنجاب کی ٹیکسٹائل کی صنعت کو دیگر صوبوں کی طرح یکساں گیس فراہم نہ کی گئی تو یہ صنعت بند ہو جائے گی۔

اکتوبر میں دھاگے اور کپڑے کی برآمدات میں 39 فیصد اور 34 فیصد بالترتیب کمی ہوئی ہے، نوٹیفکیشن میں تاخیر کی وجہ سے برآمدات، پیداوار اور سرمایہ کاری میں کمی واقع ہوگی۔  

مزیدخبریں