سعید احمد سعید: بشکیک سے طلبہ سمیت دیگر 180مسافروں پہ مشتمل طیارہ لاہور ائیرپورٹ پر پہنچ گیا ۔
بشکیک سے پرواز KA-6571 لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئی، بشکیک سے طلبہ سمیت کل 180 مسافروں کو لیکر پرواز کو شام سات بجے لاہور پہنچنا تھا لیکن تکنیکی مسائل کے باعث تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب بیشکیک سے آنے والے طلبہ کے لیے ایمبولینسس لاہور ائیر پورٹ پہنچ گئیں، طلبہ فلائٹ نمبر 6571 پر وطن واپس پہنچیں گے۔ وفاقی وزیر عطاء تارڑ نے طلباء کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کرغزستان میں حالات قابو میں ہیں، صرف 6 سے 7 طلبہ زخمی ہوئے، کرغزستان کی سپیشل فلائیٹس حکومت پاکستان کے تعاون سے طلبہ کو لا رہی ہیں، پی آئی اے کا سپیشل طیارہ آج رات اسلام آباد لینڈ کرے گا۔ کرغزستان سے جو طلبہ آنا چاہتے ہیں انھیں وطن واپس ضرور لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے منفی پروپینگنڈہ کیا۔ کرغزستان سے پہلے ہی فلائٹس آپریشن جاری ہے حکومت نے اجازت دی ہے کہ وہ دن میں 3 سے 4 فلائٹس لا سکیں۔
عطاء تارڈ نے کہا کہ 2 فلائٹس لاہور، 1 اسلام آباد جبکہ ایک خصوصی فلائٹ رات کو اسلام آباد پہنچے گی، حکومت کا تعاون جاری ہے جس سے فلائٹس آرہی ہیں۔
طالب علموں نے حکومتی موقف کی تردید کردی
بشکیک سے آنے والے طالب علموں نے حکومتی موقف کی تردید کردی، انہوں نے کہا کہ ایمبیسی کہہ رہی ہے کہ طالب علموں کی مدد کی جارہی ہے لیکن کوئی مدد نہیں کی گئی۔ بشکیک میں حالات بدستور خراب، آج بھی ایک لڑکے کا ہاتھ اور بچوں کی انگلیاں کاٹی گئیں۔ یہ حادثہ تب ہوا جب وہ ائیرپورٹ پر جارہا تھا۔