بشکیک میں حالات معمول کے مطابق ہیں، آج 130 طلبہ کو واپس لایا جائے گا، عطاءاللہ تارڑ

19 May, 2024 | 05:57 PM

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بشکیک میں حالات معمول کے مطابق ہیں، آج 130 طلبہ کو واپس لایا جائے گا۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ بشکیک صورتحال میں جب دو طلبہ گروپوں کے درمیان تصادم ہوا،  پاکستانی طلبہ اس تصادم کی زد میں آئے۔ جب واقعہ پیش آیا تو وزیراعظم آفس اور دفتر خارجہ فوری حرکت میں آئے، وزیراعظم اور وزر خارجہ پچھلے دو دنوں سے مسلسل صورتحال کو دیکھ رہے ہیں۔ حکومت نے فوری طور پر خصوصی پرواز کا انتظام کیا، آج 130 طلبہ کو واپس لایا جائے گا، حالات معمول کے مطابق ہیں۔ حکومت نے بروقت نوٹس لیتے ایمرجنسی رسپانس سیل بنایا۔کرغزستان سے ہمارے دوستانہ تعلقات ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے مخصوص پروپیگنڈا کیا گیا، بنگلہ دیش کے ایک طالب علم کی تصویر لگا کر اسے پاکستانی کہا گیا، ہلاکتوں کی جعلی تصاویر پھیلانے والے اللہ سے ڈریں، اس صورتحال کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے استعمال کرنا افسوسناک ہے، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چھ طالب علم تین مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ہمارے سفیر ان طلبہ سے رابطے میں ہیں، حکومت کی پوری مشینری اس معاملے کو دیکھ رہی ہے، کسی پاکستانی کو غیر محفوظ نہیں ہونے دیں گے ۔ 

مزیدخبریں