مانیٹرنگ ڈیسک: کانز فلم فیسٹیول میں بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے کے لباس پر سوشل میڈیا صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
بالی ووڈ بیوٹی کوئین اور سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے بھی ان چند جنوبی ایشیائی اداکاروں میں شامل ہیں جنہوں نے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی۔ دیگر اداکاروں کی طرح بالی ووڈ کوئین نے بھی بیش قیمتی عمدہ لباس زیب تن کیا۔
بھارتی اداکارہ کافی برسوں سے کانز فلمی فیلے میں شرکت کرتی آ رہی ہیں اور ریڈ کارپٹ پر ان کی انٹری کے ہمیشہ سے میڈیا پر چرچے ہوتے آ رہے ہیں۔ اس بار 76 ویں کانز فلم فیسٹیول میں انہوں نے آزربائیجان کے کپڑوں کے برانڈ صویفے کوٹیور Sophie Couture کا تیار کردہ خوبصورت اور دلکش جوڑا زیب تن کیا۔
ان کے سلور رنگ کے ہوڈی نما گاؤن کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے کیے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کے لباس پر طرح طرح کے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین ان کے اس لباس کو لے کر بڑے مذاحیہ تبصرے کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیزائنرز پر بھی تنقید کرتے ہوئے دیکھائی دے رہے ہیں۔ کوئی ان کو پہلی بھارتی خاتون کہہ رہا ہے جو مریخ پر جا رہی ہیں، تو کوئی ان کےلباس کو سردیوں کی رضائی کہہ رہا ہے۔
ایک صارف نے تو حد ہی کر دی اس نے کچھ عرصہ پہلے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ڈائیلاگ ’یہ میں ہوں اور یہ میرا...‘ کو بالی ووڈ کوئین کے لباس کے ساتھ جوڑ دیا، صارف نے لکھا کہ ’ یہ میں ہوں اور یہ میری سردیوں کی رضائی ہے‘۔