تعلیمی اداروں کی بندش:این سی او سی کے اجلاس سے متعلق خبر آگئی

19 May, 2021 | 11:37 AM

Imran Fayyaz

(جنید ریاض)این سی او سی کے تحت وزرائے تعلیم کانفرنس ایک بار پھر  ملتوی کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کے تحت وزرائے تعلیم کانفرنس ایک بار پھر ممبران کی مصروفیت کے باعث ملتوی کردی گئی،این سی او سی کا اجلاس آج بھی نہیں ہوسکا۔ این سی او سی کا اجلاس 18 یا 19 مئی کو منعقد کیا جانا تھا تاہم اب اجلاس 23 مئی سے قبل کسی بھی وقت بھی بلوائے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس میں تعلیمی ادارے 23 مئی کے بعد کھولنے یا نہ کھولنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جانا ہے جبکہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخوں کے حوالے سے بھی حتمی اعلان کیا جانا ہے۔یادرہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی وزرائے تعلیم کانفرنس میں تعلیمی ادارے 23 مئی تک مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

 قبل ازیں کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا تھا سرکاری و نجی سکولز 23 مئی تک بند رہیں گے جبکہ این سی او سی کے تحت وزرائے تعلیم کانفرنس 18 مئی کو ہو گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مراد راس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری و نجی سکول 23 مئی تک بند رہیں گے۔ 18 مئی کو تعلیمی ادارےکھولنے یا مزید بند رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا لیکن  این سی او سی کے تحت وزرائے تعلیم کانفرنس ایک بار پھر ممبران کی مصروفیت کے باعث ملتوی کردی گئی۔


 

مزیدخبریں