مال روڈ (عمران یونس) پنجاب اسمبلی نے دی پنجاب کمپلسری ٹیچنگ آف دی ہولی قرآن ترمیمی بل 2021ء متفقہ طور پر منظور کرلیا، جس کے تحت چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک قرآن مجید کی ترجمہ کے ساتھ تعلیم لازم قرار دی گئی۔
پنجاب اسمبلی نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی، وزیر قانون راجہ بشارت اور پارلیمانی سیکرٹری نے آب پاک اتھارٹی کے غیر فعال ہونے کا اعتراف کر لیا، چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک قرآن پاک کی ترجمہ کے ساتھ تعلیم کا ترمیمی بل بھی متفقہ منظور کر لیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کا ایوان، فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف یک زبان، ایوان نے متفقہ طور پر مذمتی قراردار منظور کر لی، اجلاس میں آب پاک اتھارٹی کے غیر فعال ہونے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اپوزیشن کے ساتھ ساتھ سپیکر نے بھی اتھارٹی کے غیر فعال ہونے پر سوالات اٹھا دیئے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ تیمور مسعود واضح جواب نہ دے سکے، وزیر قانون راجہ بشارت نے حکومتی مشکلات گنوا دیں، پی پی 84 خوشاب سے مسلم لیگ (ن)کے نو منتخب رکن معظم شیر علی نے حلف اٹھا لیا۔ اجلاس کی مزید کارروائی 21 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔
دوسری جانب پنجاب بورڈ کمیٹی آف چیئرمین نے صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری کردیا، شیڈول کے مطابق میٹرک کا امتحان 17 جون سے شروع ہوگا،انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کا امتحان 2 جولائی سے لیا جائے گا، نہم جماعت کا امتحان 27 جولائی سے لیا جائے گا،انٹر پارٹ ون کا امتحان 11 اگست سے شروع ہوگا۔