(سعید احمد سعید)لاک ڈاؤن کے دوران مال گاڑیوں کے حادثات کی نامکمل انکوائریاں، جزوی ٹرین آپریشن کی بحالی کے بعد بھی حادثات کے امکانات کم نہ ہوسکے، مرمت شدہ بوگیوں کی خستہ حال پٹریوں پر سفر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ 10ٹرین حادثات کی وجوہات اور اس کےسدباب سے قبل ہی جزوی ٹرین آپریشن بحالی کے فیصلے سے حادثات کے خدشات بڑھ گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران مال گاڑیوں کے حادثات کی نامکمل انکوائری رپورٹس سے جزوی ٹرین آپریشن کی بحالی کے بعد بھی حادثات کے امکانات کم نہ ہوسکے۔مرمت شدہ بوگیوں کی خستہ حال پٹریوں پر سفر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ریلوے ہیڈکوارٹر کےمطابق لاک ڈاون کے دوران خالی ریلوے ٹریک پر مال گاڑیوں کے حادثات میں اضافہ ہوا، ریلوے حکام کی جانب سے ایک ماہ کے دوران حادثات کی انکواری رپورٹس تاحال مکمل نہ ہو سکیں۔
ماہ اپریل میں قرنطینہ ٹرین سمیت 10 مال گاڑیوں کو حادثات پیش آئے۔ جن میں سے پانچ حادثات کراچی، باقی لاہور ڈویژن، سکھر، ملتان اور پشاور ڈویثن میں ہوئے اور حادثات کی تحقیقات کے لیے اسسٹنٹ اور ڈپٹی افسران پر مشتمل انکواری کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، ریلوے حکام افسران کے مطابق کسی کمیٹی کی جانب سے ایک بھی انکوائری مکمل نہیں کی جا سکی، جس سے حادثات کی وجوہات جاننے اور اس کے سدباب کے بغیر ہی مسافر ٹرین آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
واضح رہے وزارت ریلوے نےتیس ٹرینوں کی بحالی کانوٹیفکیشن جاری کیاہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر بدھ سے 15اپ اور 15ڈاؤن ٹرینوں کو بحال کیا جا رہا ہے، ریلوے ہیڈکوارٹر مرتب کیے گئے ایس او پیز پر عمل درآمد کروائے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ میں کرونا کے حوالے سے ہونے والی سماعت پر بریفنگ بھی دی گئی اور ساتھ ہی ساتھ سپریم کورٹ کے تحریری حکم نامے پر عملدرآمد پر مشاورت بھی کی گئی ہے۔
اجلاس مین ٹرین آپریشن بحال کرنے پر بھی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں ٹرین آپریشن کو جزوی طور پر بحال کردیا جائیگا۔