شادی ہالز کھولنے کی تجویز

19 May, 2020 | 03:01 PM

Sughra Afzal
Read more!

(قذافی بٹ) لاک ڈاؤن میں نرمی کا معاملہ، پنجاب حکومت نے محدود افراد کے ساتھ شادی ہالز کھولنے کی تجویز کا جائزہ لینے پر رضا مندی ظاہر کردی۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے  24 مارچ سے پنجاب بھر میں نافذ لاک ڈاؤن میں مراحلہ وار نرمی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز پنجاب حکومت نے تین دن  کا سخت لاک ڈاؤن بھی ختم کردیا، پورا ہفتہ مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز  صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دیدی گئی۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد محکمہ اوقاف نے بھی مزارات کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔

آج پنجاب حکومت کو محدود افراد اور ایس او پیز کیساتھ شادی ہالز کھولنے کی تجویز دی گئی ہے، جس پر حکومت نے رضامندی ظاہر کی ہے، محدود افراد کے ساتھ شادی ہالز کھولنے کی تجویز کابینہ کی کورونا کمیٹی کے سامنے رکھی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی کمیٹی ہی شادی ہالز کو محدود لوگوں کے ساتھ کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب سٹیج سے منسلک فنکاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب سرادر عثمان بزدار سے عید الفطر پر تھیٹرز کھولنے کی اجازت دینے کی اپیل کردی، فنکاروں کا کہنا ہےکہ جہاں سب کچھ بند ہوا وہیں تھیٹر ہالز بھی بند پڑے ہیں اب جبکہ لاک ڈاؤن کھل گیا ٹرانسپورٹ، شاپنگ مالز بھی کھل گئے، تو تھیٹرز بھی حفاظتی تدابیر کے ساتھ کھولنے کا اعلان ہونا چاہیے تاکہ عید الفطر پر ڈھائی ماہ سے بیروزگار فنکار اپنا روزگار کما سکیں۔

خیال رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے کورونا وائرس لاہور سمیت پنجاب بھر میں تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، لاہورمیں کورونا کے 503 نئے مریض سامنے آگئے، جس کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 7612 ہوگئی جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 762 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد  کنفرم مریضوں کی تعداد 15 ہزار 346 ہوگئی، پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک کل 260 اور لاہور میں 97 اموات ہوچکی ہیں۔

 

مزیدخبریں