سٹی42: پاکستان میں کرونا کا پھیلاؤ سنگین صورت اختیار کرتا جارہا ہے، 24گھنٹے کے دوران مزید ایک ہزار،841افراد کرونا کا شکارہوگئے ہیں، کرونا سے 24گھنٹوں میں 36 افراد جان سے گئے،تعداد 939 ہوگئی، سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں. پاکستان میں اب تک 4لاکھ سے زائد ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جس کے نتیجہ میں اب تک 43ہزار، 966افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
لاک ڈاؤن میں نرمی پاکستانیوں کے گلے پڑ گئی، کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں خوفناک حد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے۔صرف سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 24گھنٹے کے دوران مزید ایک ہزار، 841پاکستانیوں کو کرونا نے ڈس لیا، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 43ہزار، 966 تک پہنچ گئی ہے۔
ایک دن کے دوران 36افراد جان سے جا چکے ہیں، جس کے بعد کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 939 ہوگئی ہے۔
کرونا مریضوں کی بات کی جائے تو ان کی سب سے زیادہ تعداد سندھ میں 17ہزار، 241تک پہنچ چکی ہے، پنجاب میں یہ تعداد 15 ہزار، 976 ہے، خیبرپختونخوا میں کرونا کے 6 ہزار،230 اور بلوچستان میں 2 ہزار، 820 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کرونا کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، اسلام آباد میں اب تک ایک ہزار، 34افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، گلگت بلتستان میں کرونا کے 550اورآزادکشمیر میں 115مریض موجود ہیں۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ روز 13ہزار کے قریب ٹیسٹ ہوئے جبکہ اب تک ہونے والے مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 4لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا کے 12ہزار، 489مریض کرونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ہفتے اور اتوار کو بھی ملک کی تمام چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ نے ملک میں شاپنگ مالز کھولنے کا بھی حکم دے دیا .جس کے بعد پنجاب حکومت نے بھی تین دن کا سخت لاک ڈاؤن بھی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، اب پورا ہفتہ مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز صبح 8سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔