(جنید ریاض) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب بھر کی ڈسٹرکٹ اتھارٹیز کو ہفتہ میں دو روز کیلئے دفاتر کھولنے کی اجازت دے دی، دفاتر اہم کاموں کو نمٹانے کیلئے پیر اور منگل کو کھولے جاسکیں گے۔
پیر اور منگل کو ضروری سٹاف کو دفاتر میں بلایا جاسکے گا۔کورونا وائرس کے پیش نظر دفاتر میں ماسک کا استعمال اور معاشرتی فاصلے کا خاص خیال رکھنا ضروری ہوگا۔سکولوں میں بھی ہیڈ ٹیچرز اور درجہ چہارم کے ملازمین سکول آسکیں گے۔سکول صبح دس بجے سے دوپہر 2 بجے تک مرمت اور صفائی ستھرائی کے کاموں کیلئےکھولاجاسکے گا۔
ادھرسکول انفارمیشن سسٹم پر لاہور کے سرکاری سکولوں کے 3650 اساتذہ کے کوائف میں غلطی ، محکمہ تعلیم نے کوائف کی درستگی کے لئے غیرتصدیق شدہ اساتذہ کی فہرست جاری کردی ۔
تفصیلات کے مطابق سکول انفرمیشن سسٹم پر سرکاری سکولوں کے اساتذہ کا پروفائل درست نہ ہوسکا۔لاہور میں 3 ہزار چھ سو پچاس اساتذہ کے ڈیٹا کی تاحال تصدیق نہ ہوسکی۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈسٹرکٹ لاہور کو ڈیٹا درست کرنے کیلئے اساتذہ کے ناموں کی فہرست جاری کردی۔ 3 ہزار چھ سو پچاس اساتذہ کے پروفائل ابھی بھی غلط ہیں ۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اساتذہ کا پروفائل درست نہ کیا گیا تو تنخواہیں روک دی جائیں گی، سکول سربراہان اپنے اپنے سکولوں کے اساتذہ کے کوائف درست کریں، کوائف درست نہ ہونے کی صورت میں سکول سربراہان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔