بجلی چوری کرنے والے گینگ کا سرغنہ گرفتار

19 May, 2019 | 09:59 PM

Arslan Sheikh

( شاہد ندیم ) شہر میں صنعتی سیکٹر کو وسیع پیمانے پر بجلی چوری کرانے والے گینگ کا سرغنہ رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا، ملزم شبیر احمد سے لیسکو کے صنعتی، کمرشل اور گھریلو صارفین کے بلز برآمد، موبائل فون سے لیسکو کے ملازمین کے ساتھ رابطوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں صنعتی، کمرشل اور گھریلو صارفین کو بجلی چوری کرانے میں ملوث گینگ کے سرغنہ کو فیسکو کے علاقے میں میٹر ریورس کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ فیسکو چیف مجاہد اسلام بااللہ کے مطابق الفیصل ٹاؤن کینٹ کا رہائشی شبیراحمد نامی شخص فیسکو کےعلاقے میں میٹر ریورس کرنے کی غرض سے آیا تھا کہ کمپنی کی ٹاسک فورس نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑا اور پولیس کے حوالے کردیا۔

ملزم سے میٹر ریورس کرنے اور شنٹنگ کرنے والے آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزم شبیر احمد کے موبائل فون سے لیسکو اور فیسکو کے ملازمین سے رابطوں کا بھی انکشاف ہوا ہے، جس پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب اور وفاقی سیکرٹری عرفان علی کی ہدایات پر مختلف علاقوں میں بجلی چوری کیخلاف آپریشن کیا جارہا ہے، جس کے دوران مذکورہ گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کیا گیا۔

مزیدخبریں