ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے بین الاقوامی معیار کے مطابق عمارتیں تعمیر کرنے پر سہولیات دینے کی تجویز دے دی ، تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ایل ڈی اےکی جانب سے سرٹیفکیٹ کے علاوہ پراپرٹی ٹیکس میں چھوٹ اور سبسڈی بھی دی جائے ، ٹیکس میں چھوٹ لاہوریوں میں ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے احساس ذمہ داری پیدا کرے گا .
جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کے متعلق گزشتہ سماعت کا 2 صفحات کا تحریری حکم جاری کردیا , عدالت نے واسا کی جانب سے پانی کے 1000 میٹرز کی خریداری پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ، تحریری فیصلہ کے متن میں کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل رکشوں کو بھی بجلی پر کرنے کیلئے 2 کمپنیوں کو لائسنس دینے کی رپورٹ پیش کی گئی، شہر میں چلنے والے رکشوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا منصوبہ قابل تحسین ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ بجلی رکشوں کے منصوبے پر عمل کرے، تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت پر الیکٹرک رکشوں کی تیاری کا وقت اور دورانیہ بھی بتایا جائے، عدالت نے پانی کے 1000 میٹرز کی خریداری پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جوڈیشل واٹر کمیشن پانی میٹرز کی خریداری کیلئے حکومت سے فنڈز لینے کی بابت واسا کیساتھ میٹنگ کرے، جسٹس شاہد کریم نے 21 مارچ کو مزید پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی.