سعیداحمد: عید الفطر کے موقع پر ریلوے حکام نے مسافروں کی سہولت کے لیے 5 عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے, ان ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 3عید سپیشل ٹرینیں لاہور اور کراچی کے مابین چلائی جائیں گی۔ایک ٹرین کوئٹہ سے پشاور جبکہ ایک ٹرین کراچی سے راولپنڈی کے مابین چلائی جائے گی۔کوئٹہ سے پشاور کی ٹرین سکیورٹی اداروں کی اجازت ملنے کے بعد آپریٹ کی جائے گی۔
پہلی عید سپیشل ٹرین 26 مارچ کو کراچی سے لاہور کے مابین چلائی جائے گی۔دوسری عید سپیشل ٹرین 27 مارچ کو لاہور سے کراچی کے مابین چلائی جائے گی۔تیسری عید سپیشل ٹرین 27 مارچ کو کراچی سے راولپنڈی کے مابین چلائی جائے گی۔
چوتھی عید سپیشل ٹرین 28 مارچ کو کراچی سے لاہور کے مابین آپریٹ کی جائے گی جبکہ کوئٹہ سے پشاور کی عید سپیشل ٹرین 26 مارچ کو سکیورٹی اداروں کی اجازت ملنے کے بعد چلائی جائے گی۔
ریلوے ہیڈکوارٹر نے لاہور، ملتان، راولپنڈی، سکھر، کراچی، پشاور، اور کوئٹہ ڈویژن کے افسران کو ان ٹرینوں کے آپریشن کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔