ویب ڈیسک:پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی و صوبائی جنرل کونسل کی جانب سے چودھری سرور کو مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر منتخب کردیا گیا جبکہ چودھری شافع جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی و صوبائی جنرل کونسل کااجلاس ہوا،صوبائی کونسل نے چودھری سرور کو پنجاب کا صدر، چودھری شافع کو جنرل سیکرٹری منتخب کرلیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ چودھری سرور پارٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر بھی ہوں گے۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کا گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ سیاسی سفر کے 50 سال ہو گئے ، اتنے پیچیدہ حالات نہیں دیکھے، سیاستدان جلتی آگ پر پانی ڈالیں، ملک جلاﺅ گھیراﺅ کا متحمل نہیں ہو سکتا،سربراہ ق لیگ نے کہاکہ حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے، ناراض رہنماﺅں کے پاس جانے کو تیار ہوں، ہنگاموں، دھرنوں سے قوم پریشان اور مایوس ہے ،ان کاکہناتھا کہ مسائل کا حل سیاست دانوں کے پاس ہے، تمام قوتیں ملکر پاکستان کا سوچیں۔
اس موقع پر چودھری سرور نے کہاکہ اعتماد کے اظہار پر چودھری شجاعت اور پارٹی کا شکرگزار ہوں ،چودھری شافع نے کہاکہ مسلم لیگ پنجاب کا جنرل سیکرٹری بننا اعزاز ہے، پارٹی کو فعال بنائیں گے، کارکنوں پر فخر ہے، حقیقی کارکنوں کو عزت دیں گے ۔
چودھری سالک حسین نے کہاکہ مسلم لیگ کو ہر سطح پر منظم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، روایتی سیاست نہیں کریں گے، ملک میں حقیقی تبدیلی کے خواہاں ہیں ، مرکزی اور صوبائی جنرل کونسل اجلاس میں متعدد قراردادیں منظور کی گئیں ۔