پی ٹی آئی کارکنوں نے ایلیٹ فورس کی وین پر ہلہ بول دیا

19 Mar, 2023 | 09:42 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کی سکیورٹی پر مامور  اہل کاروں کو  بھی نہ بخشا، زمان پارک کے قریب گزرنے والی ایلیٹ فورس کی وین پر ہلہ بول دیا۔

ذرائع کے مطابق, لاہور سے واپس آتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنوں کو جہاں پولیس نظر آئی اس پر پل پڑے، کینال روڈ سے گزرنے والی پولیس کی گاڑی پر بھی حملہ کرکے اس کا شیشہ توڑ دیا،  پتھراؤ بھی کیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے  ایلیٹ فورس کی گاڑی کو تباہ و بربادکر دیا،  اہل کاروں کو بھی دبوچنےکی کوشش کی، پولیس اہل کاروں نے بھاگ کر جان بچائی، کارکن دو رائفل بھی لوٹ کر لےگئے۔

زمان پارک کے سامنے سے موٹرسائیکل پرگزرنے والے پولیس اہلکار کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔حکومت پنجاب نے ایلیٹ فورس ٹیم اورگاڑی پرحملہ کرنےوالوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ ایلیٹ فورس ٹیم اورگاڑی پرحملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔

مزیدخبریں