پاکستان کے جوہری پروگرام کی سلامتی کے طریقہ کار پر اعتماد ہے: امریکی جنرل

19 Mar, 2023 | 09:18 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک)  اعلیٰ امریکی جنرل نے سیاسی عدم استحکام اور اقتصادی بحران کے خدشات سے قطع نظر پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی محفوظ کمانڈ اور کنٹرول  پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے کمانڈر جنرل مائیکل ای کوریلا نے امریکی سینیٹ کی آرمز سروسز کمیٹی میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے پاکستان کے جوہری پروگرام کی سلامتی کے طریقہ کار پر اعتماد ہے۔

سینیٹ میں کمانڈر جنرل سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام اور معاشی بحران کے پس منظر میں محفوظ ہاتھوں میں ہے یا نہیں جس پر انہوں نے پاکستان کی ایٹمی پروگرام کی حفاظت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

جنرل کوریلا نے مزید کہا کہ میں وہاں فوجی قیادت سے رابطے میں ہوں اور میرے اور پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل منیر کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان کے خدشات ان کا بجٹ، مالی صورتحال، موجودہ سیاسی صورتحال اور انسداد دہشت گردی ہے۔ جنرل مائیکل نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے پاکستان میں دوبارہ سر اٹھانے کا بھی حوالہ دیا۔
 

مزیدخبریں