سٹی42: یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کا ایک ہفتے کا سٹاک ، رمضان سے قبل یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے،بروقت چینی نہ خریدی گئی تو رمضان میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی فراہمی مشکل ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کا ایک ہفتے کا سٹاک رہ گیا جس کے باعث رمضان سے قبل یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز نے مقامی شوگر ملز سے 38 ہزار میٹرک ٹن چینی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ٹینڈر 2 روز پہلے کھولا گیا اور چینی کی کم از کم بولی 94 روپے 50 پیسے ملی جب کہ چینی ٹرانسپورٹ اور پیکنگ کے اخراجات الگ ہوں گے۔
یوٹیلیٹی سٹورز حکام کے مطابق مقامی شوگر ملز سے چینی کا فیصلہ ہنگامی بنیادوں پر کیا، مزید 40 ہزار میٹرک ٹن چینی کی مقامی شوگر ملز سے خریداری کا ٹینڈر جاری کر دیا ہے، بروقت چینی نہ خریدی گئی تو رمضان میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی فراہمی مشکل ہو جائے گی۔
قبل ازیں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے دال ماش 20 روپے، دال چنا 15 روپے، سفید چنے 5 روپے فی کلو مہنگے کردئیے گئے تھے جس کے بعد دال چنا قیمت 130 سے بڑھ کر 145 روپے، سفید چنا کی قیمت 115 روپے سے بڑھ کر 120 روپے، دال ماش کی قیمت 250 سے بڑھ کر 265 اور دال ماش چھلکا کی قیمت 230 سے بڑھ کر 250 روپے فی کلو ہو گئی تھی جبکہ دال ماش ثابت 15 روپے مہنگی ہوئی، اسکی نئی قیمت 215 روپے سے بڑھ کر 230 روپے ہو گئی تھی۔مختلف برانڈ کے فی کلو گھی اور فی لیٹر آئل کی قیمت میں9 روپے اضافہ ہوا تھا۔ غیر معروف برانڈز کا درجہ دوم گھی 7 روپے مہنگا، 252 روپے کلو فروخت ہوا تھا۔
صارفین پہلی فرصت میں یوٹیلٹی سٹورز سے چینی خرید لیں
19 Mar, 2021 | 01:00 PM