ایل ڈی اے افسر ڈیپوٹیشن پالیسی کے سامنے ڈٹ گئے

19 Mar, 2021 | 09:26 AM

Sughra Afzal

جوہر ٹاؤن (درنایاب) ایل ڈی اے افسر مجوزہ ڈیپوٹیشن پالیسی کے سامنے ڈٹ گئے، افسروں نے ڈیپوٹیشن پالیسی کو متنازع قرار دے دیا، مجوزہ پالیسی کے خلاف وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی جائے گی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائے گئے خط میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ایل ڈی اے جنرل کیڈر میں اس وقت گریڈ 18 کے 43 افسران جبکہ گریڈ 17 میں 69 افسران تعینات ہیں، زیادہ تر افسروں کی مدت ملازمت 10 سال سے زائد ہے۔

 خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایل ڈی اے افسران کو ترقی دینے اور اوپر والی پوسٹوں پر تعینات کرنے کی بجائے 1/3 افسران ڈیپوٹیشن پر تعینات کرنے کی متنازعہ تجویز دی گئی اور متنازعہ ڈیپوٹیشن پالیسی کے مطابق 74 افسر ڈیپوٹیشن پرآ سکیں گے، مجوزہ پالیسی میں ڈیپوٹیشن افسران کو سپیشل الاؤنس دینے کی غیر منصفانہ تجویز بھی دی گئی۔

 افسران کا کہنا تھا کہ سپیشل الاؤنس کا ورکنگ پیپر پہلے بھی ایل ڈی اے گورننگ باڈی میں دو بار پیش کیا جاچکا ہے، اب ایک بار پھر گورننگ باڈی میں حقائق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے الاؤنس منظور کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔

 افسران کا مزید کہنا تھا کہ انصاف نہ ملنے کی صورت میں عدالت سے رجوع کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں