( علی رضا ) پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 78 ہو گئی، وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کہتی ہیں آئندہ دو سے تین ہفتوں میں 5 ہزار سے زائد زائرین اور طلباء پنجاب میں آئیں گے۔ پنجاب بھر میں پانچ سو آئسولیشن کمرے بن چکے ہیں۔
وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب تک پنجاب میں سرکاری طور پر 384 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 320 منفی اور 64 مثبت جبکہ 14 نجی لیبارٹریوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں آئسولیشن سینٹر بنائے جا رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں پانچ سو سے زائد آئسولیشن کمرے تیار ہیں، حکومت مزید کمرے بنانے جا رہی ہے۔ پی کے ایل آئی لاہور، یورالوجی سینٹر راولپنڈی، ملتان اور ڈی جی خان میں کورونا کے مریضوں کے لئے مکمل بندوبست کیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھروں میں رہیں، چہل قدمی اور سیر وتفریح کے لئے نکلنے سے مرض کے زیادہ پھیلنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 736 زائرین ڈی جی خان میں موجود ہیں، اگلا گروپ بارہ سو زائرین کا آئے گا جسے ملتان میں رکھا جائے گا۔