پنجاب میں کورونا وائرس کے حملے جاری، 33 کنفرم مریض سامنے آگئے

19 Mar, 2020 | 10:16 AM

Sughra Afzal

(جمال الدین) پنجاب میں کورونا وائرس کے 33 کنفرم مریض سامنے آگئے،  پنجاب حکومت کے تھنک ٹینکس نےکورونا وائرس کےنقصانات سےبچنے اور اس کے ازالے کے لئے سر جوڑ لیے، کورونا وائرس سےمتاثرہ افراد اور لاک ڈاؤن کی صورت میں غربت کی سطح سےنیچے رہنے والے افراد کو مالی امداد دینےکا فیصلہ کرلیا گیا۔

چین میں تباہی پھیلانے والا وائرس دنیا کے 152 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک یہ وائرس  8969 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، جبکہ ایک لاکھ98 ہزار ابھی بھی زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں، اس خطرناک وائرس نے اب پاکستان میں بھی قدم جما لیے، پاکستان میں کورونا سے 2 افراد ہلاک جبکہ 304افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 33 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جس میں 6 لاہور، 5 ملتان، 2 گجرات کے مریض شامل ہیں، تمام کنفرم مریضوں کو دیگر افراد سے الگ آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اس وقت کل 24 مشتبہ مریض آئسولیشن وارڈز میں زیر نگرانی ہیں، صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں 254 مشتبہ مریضوں کے لیب ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں،جن میں 33 مریض کنفرم ہوئے  جبکہ 197 مریضوں کو لیب ٹیسٹ کلئیر ہونے پر ڈسچارج کیا جا چکا ہے، 24 زیر نگرانی مشتبہ افراد کا ٹیسٹ رزلٹ آنا باقی ہے۔

 ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے کہا  کہ عوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آئے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں، متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں،محکمہ صحت کی ریپڈ رسپانس ٹیمیں مشتبہ مریض کو ہسپتال منتقل کرکے ٹیسٹ کروائیں گی، ہاتھوں کی صفائی میں ہی سب کی بھلائی ہے۔

 دوسری جانب  کورونا وائرس کےنقصانات سےبچنے اور اس کے ازالے کے لئے پنجاب حکومت کے تھنک ٹینکس نے سر جوڑ لیےہیں، ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سےمتاثرہ افراد کو مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کےلیےسوشل پروٹیکشن اتھارٹی کو ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں کوروناوائرس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا، کنٹرول روم میں ایم سی ایل، پولیس، ریسکیو ملازمین 3 شفٹس میں ڈیوٹی دینگے، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر رانا امجد فوکل پرسن، اوور آل کنٹرول روم کے انچارج ہونگے۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

مزیدخبریں