خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع

19 Mar, 2019 | 02:44 PM

Sughra Afzal
Read more!

(شاہین عتیق) احتساب عدالت کی جانب سے پیراگون سٹی کیس میں خواجہ سلمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چار اپریل تک توسیع کر دی گئی جبکہ خواجہ سعد رفیق کواسلام آباد عدالت میں  پیش کر کے ریمانڈ میں توسیع کرائی گئی۔

احتساب عدالت میں پیرا گون سٹی کیس میں سلمان رفیق کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا، عدالت کو بتایا گیا کہ اس کیس میں خواجہ سعد رفیق کو پروڈکشن آڈر کے تحت اسلام آباد پہنچایا گیا، اجازت دی جائے کہ خواجہ سعدرفیق کا جوڈیشل ریمانڈ اسلام آباد احتساب عدالت سے لے لیا جائے جس پر عدالت نے اجازت دے دی، جج سید نجم الحسن بخاری نے خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع کردی۔

دوسری جانب عدالت نے فواد حسن فواد کاغیر قانونی اثاثے بنانے کا ریفرنس پیش ہونے پر سماعت کے لیے کورٹ نمبر تین میں بھجوا دیا جہاں فواد حسن فواد کو ریفرنس کی نقل فراہم کردی گئی، ریفرنس کے دیگر 3 ملزمان کو 2 اپریل کو طلبی کے نوٹس جاری کیےگئے۔

احتساب عدالت نے ایل ڈی اے سٹی کیس میں احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 4 اپریل تک توسیع کردی، نیب کے پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ کو آئندہ تاریخ پر چالان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی، ملزمان کی پیشی کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے،عدالت کے اندر اور باہر کسی کو جانے کی اجازت نہیں تھی۔

مزیدخبریں