(سٹی 42) معصوم چہرہ دکھ کی تصویر بن گیا، رہائی کے ارمان آنسوؤں میں بہہ گئے، سیشن کورٹ نے منشیات سمگلنگ کیس میں غیر ملکی ماڈل کو 8 سال 8 ماہ قید کی سزا سنادی۔
غیر ملکی ماڈل ٹریزا ہلسکوا کا گھر واپس جانے کا خواب چکنا چور ہوگیا، ایڈیشنل سیشن جج شہزاد رضا نے منشیات سمگلنگ کیس میں محفوظ فیصلہ سنا دیا جس میں غیر ملکی حسینہ کو 8 سال8 ماہ قید اور ایک لاکھ تیرہ ہزار جرمانے کی سزا سنادی گئی، ملزمہ سزا سن کر سکتے میں آگئی اور پھر پھوٹ پھوٹ کر رونا شروع کر دیا۔
غیر ملکی ماڈل ٹریزا ہلسکووا کو گزشتہ سال جنوری میں منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا تھا،ملزمہ چیک ری پبلک کی شہری ہے اورا سکا کیس سردار اصغر محمود ڈوگر ایڈووکیٹ نے لڑا.
وکیل نےغیرملکی حسینہ کا بھرپور دفاع کیا، غیر ملکی ماڈل ماڈلنگ کیلئے پاکستان آئی اورایک سال سے زیادہ عرصہ سیشن عدالت میں پیش ہوتی رہی، ملزمہ کیس کی سماعت کے دوران کبھی دکھی تو کبھی خوش دکھائی دی، ٹریزا ہلسکووا کی اپنے وکیل کیلئے فلائنگ کس بھی بہت مشہور ہوئی۔
گزشتہ سماعت پر ملزمہ کے وکیل نے دلائل دیئے تھے کہ سامان سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی جبکہ کسٹمز کی جانب سے پراسیکیوٹر آفتاب احمد نےدلائل دیئے کہ ملزمہ کے سامان سے ساڑے آٹھ کلو ہیروئن برآمد ہوئی تھی جس پر ملزمہ نے کہا کہ جو بیگ عدالت میں پیش کیا وہ میرا بیگ نہیں ہے، کسٹمز نے کسی کی منشیات مجھے پر ڈال دی۔