(اکمل سومرو) لاہور سمیت صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم بڑھانا حکومت کے لیے چیلنج بن گیا، محکمے کے سیکرٹری نے ہی کوالٹی ایجوکیشن کے اہداف کو اضافی کلاس رومز اور تربیت یافتہ مزید پچاس ہزار اساتذہ کی بھرتیوں کے ساتھ مشروط کر دیا ۔
پنجاب یونیورسٹی میں ادارہ تعلیم وآگہی کی سالانہ تعلیمی رپورٹ کی لانچنگ تقریب پر بات کرتے ہوئے سیکرٹری سکولز کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے بتایا کہ کوالٹی ایجوکیشن کا ہدف پورا کرنا چیلنج ہے اور اس ہدف کو پورا کرنے کے لیے سرکاری سکولوں میں50 ہزار اساتذہ کی کمی ہے۔ سکولوں میں اساتذہ کی تعداد پوری کرنا انتہائی ضروری ہے۔
سیکرٹری سکولز کا کہنا ہے کہ کوالٹی ایجوکیشن کے لیے کلاس رومز کی مطلوبہ تعداد نہیں ہے جس کے لیے 50 ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر ناگزیر ہے، معیار تعلیم کو بہتر کرنے کے لیے طلبا کے ایسسمنٹ کا طریقہ کار تبدیل کر رہے ہیں اور تعلیمی ڈیٹا کی بنیاد پر تعلیمی پالیسی بنانا ضروری ہے۔