راؤ دلشاد : وزیراعظم شہبازشریف نے صدرمتحدہ عرب امارات شیخ محمدبن زیدالنہیان سےٹیلیفونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا.
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان کیلئے مسلسل حمایت کے لیے صدر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
مئی 2024 میں متحدہ عرب امارات کے اپنے انتہائی نتیجہ خیز دورے کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو ایک پائیدار اور باہمی طور پر فائدہ مند اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا، جس کا محور تجارت اور سرمایہ کاری ہوگی۔
دونوں ممالک کے درمیان متواتر اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے صدر متحدہ عرب امارات کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
عزت مآب شیخ محمد بن زاید نے دعوت کو قبول کرتے ہوئے جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی اپنی مشترکہ خواہش کو آگے بڑھانے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔