ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیاحوں کو ٹائی ٹینک کا ملبہ دکھانے والی آبدوز لاپتہ ہوگئی

Titanic tourist sub goes missing in Atlantic, City42
کیپشن: File Photo
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: کینیڈا اور امریکہ کے مشرقی ساحل کے نزدیک ڈوبے ہوئے  لیجنڈری سمندری جہاز  ٹائی ٹینک کا  زیر آب نظارہ کرنے کے لئے  استعمال کی جانے والی نجی کمپنی کی  آبدوز نیو فاونڈ لینڈ  کے سمندر میں لاپتہ ہو گئی۔

بوسٹن میں امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ ٹائی ٹینک کے ملبے کو دیکھنے کے لیے استعمال ہونے والے ایک آبدوز جہاز کے لاپتہ ہونے کے بعد کینیڈا اور ریاستہائے متحدہ کے مشرقی ساحل پر تلاش اور بچاؤ آپریشن جاری ہے۔

برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) نے پیر کی صبح سب سے پہلے اطلاع دی کہ آبدوز کی تلاش کا آپریشن کینیڈا کے نیو فاؤنڈ لینڈ کے ساحل پر جاری ہے۔

 یہ آبدوز سیاحوں کو بحر اوقیانوس کی 3800 میٹر گہرائی میں موجود ٹائی ٹینک کا ملبہ دکھانے کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ آبدوز میں کتنے افراد سوار تھے البتہ اس میں 5 لوگوں کی گنجائش ہوتی ہے۔ اس آبدوز کے زریعہ ٹائی ٹینک کے ملبے کے سفر  کے لئے امریکہ کی کمپنی "اوشن گیٹ ایکسپیڈیشنز"  فی کس ڈھائی لاکھ ڈالرز  چارج کرتی ہے اور عموماً  ٹائی ٹینک کے ملبہ تک رسائی 2 گھنٹوں میں ہوتی ہے۔

اپنی تعمیر کے دوران ہی مشہور ہو جانے والا لیجنڈری سمندری جہاز ٹائی ٹینیک اپریل 1912 میں اپنے اولین سفر پر برطانیہ سے امریکا جاتے ہوئے برفانی تودے سے ٹکرا کر نیو فائونڈ لینڈ سے چھ سو پچاس کلو میٹر دور ڈوب گیا تھا جس کے نتیجے میں ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ڈوبنے کے بعد اس جہاز کا ملبہ نہیں مل سکا تھا اور ستر سال سےزائد عرصے بعد 1985 میں اسے دریافت کیا گیا تھا۔

اب ٹائی ٹینک کا ملبہ دکھانے کے لئے استعمال ہونے والی چھوٹی آبدوز کی گمشدگی نے ایک بار پھر لوگوں میں تشویش کی لہر پھیلا دی ہے۔ 

بوسٹن میں امریکی کوسٹ گارڈ کے لیفٹیننٹ جارڈن ہارٹ نے بتایا  ہےکہ اہلکار "فی الحال تلاش کا آپریشن کر رہے ہیں"۔

کینیڈا  اور امریکہ کے کوسٹ گارڈ  آبدوز کی تلاش کے آپریشن پر تبصرہ کرنے کسے مسلسل گریز کر رہے ہیں۔

 واشنگٹن میں واقع گہرے سمندر کی مہمات کے لیےچھوٹی آبدوزیں مہیا کرنے والی کمپنی  "اوشن گیٹ ایکسپیڈیشنز" نے  ایک بیان میں بتایا کہ "ہماری پوری توجہ آبدوز میں عملے کے ارکان اور ان کے خاندانوں پر مرکوز ہے۔"

جس جہاز سے آبدوز کو ٹائی ٹینک کے ملبہ کی جانب روانہ کیا جاتا تھا اس کے مالک نے امریکی صحافتی ادارہ کو بتایا کہ اتوار کی شام کو چند گھنٹے گزر جانے کے بعد اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی۔