چارماہ میں عوام کو ریلیف کیلئے70ارب مختص کئےہیں،محسن نقوی

19 Jun, 2023 | 03:34 PM

This browser does not support the video element.

علی رامے:  پنجاب کی نگراں کابینہ کے اجلاس میں 4 ماہ کا ترقیاتی بجٹ منظوری کے لئے پیش کیا گیا تو نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 4 ماہ کے لئے 70 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ ہمیں مختصر مدت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنا ہے۔

 
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 17ویں اجلاس میں نئے مالی سال 2023-24کے پہلے 4 ماہ کے ٹیکس فری بجٹ پر بریفنگ سیکرٹری خزانہ نے دی۔ نگراں کابینہ نے پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کاروبار و تعلیم کے فروغ کے لئے آئی ٹی انڈسٹری سے تمام ٹیکسز/ڈیوٹیز ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ کابینہ نے صوبے میں آئی ٹی انڈسٹریز سے تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز معاف کرنے، پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 4 ماہ کیلئے 70 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ نے اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح 3 فیصد تک بڑھانے کی تجویز مسترد کر دی۔ تاہم تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح ایک فیصد مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

پنجاب میں نئے مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 50 فیصد جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

رواں مالی برس زراعت کیلئے 12 ماہ میں 12 ارب روپے رکھے گئے تھے جبکہ نگراں کابینہ نے چار ماہ کے بجٹ میں زرعی ترقی اور کاشتکاروں کو ریلیف دینے کیلئے زراعت کے بجٹ کیلئے 47 ارب 60 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں 4 ماہ کے دوران صحت اور ایجوکیشن کے بجٹ میں 31 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے لاہور نالج پارک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کی منظوری بھی دے دی۔

نگراں کابینہ نے 2017 سے بند پاور پلانٹ کو فنکشنل کرنے کیلئے 16 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری بھی دی۔

کابینہ نے پنجاب کے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی منظوری  دی جبکہ 80 برس سے زائد عمر کے پنشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی۔ ملازمین کو 30 فیصد اضافہ ایڈہاک ریلیف کی مد میں دیا جائے گا۔

نگراں صوبائی کابینہ نےصحافیوں کے لئے ایک ارب روپے سے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مختصر مدت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 4 ماہ کے لئے 70 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین بجٹ پیش کرنے پرچیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ اور ان کی ٹیم کو کابینہ کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 

صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز  اجلاس میں شریک ہوئے۔
 

مزیدخبریں