شہزاد خان : شہر کے یوٹیلٹی سٹوروں پر سستے آٹے کا قحط برقرار ،آٹے کی مقدار کم اور دن بدن صارفین کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا۔غریب طبقہ شدید گرمی اور دھوپ میں یوٹیلٹی سٹورز کے باہر خوار ہونے لگا ۔
شہر کے یوٹیلٹی سٹورز پر سستے آٹے کا قحط برقرار ہے اور اس کی سنگینی دن بدن بڑھنے لگی ۔شدید گرمی اور حبس نے آٹے کے حصول کیلئے آئی خواتین اور مرد صارفین کو خوار کرکے رکھ دیا ۔شادمان ،وحدت روڈ،اچھرہ،سمن آباد ،مسلم ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں واقع یوٹیلٹی سٹوروں پر عوام کا بے پناہ رش رہا اور صارفین نے یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ پر مخصوص افراد کو نوازنے کا الزام بھی عائد کیا ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑے یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے کی تھوڑی بہت مقدار پھر بھی فراہم کی جاتی ہے لیکن غریبوں کی آبادیوں میں بنے یوٹیلیٹی سٹورز سستے آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ سے خالی پڑے ہیں.