بھارت اور بنگلہ دیش  میں طوفانی بارشیں، 50 افراد ہلاک

19 Jun, 2022 | 01:36 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت اور بنگلہ دیش  میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں اب تک 50 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

حکام کے مطابق رواں ہفتے کے دوران طوفانی بارشوں کے باعث حادثات میں بنگلہ دیش میں 25 اور بھارت میں بھی کم از کم 25 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں, گذشتہ ہفتے سے ہونے والی بارشوں کے باعث شمال مشرقی بنگلہ دیش کے کئی علاقے زیرِ آب ہیں جس کی وجہ سے سکولوں کو امدادی پناہ گاہوں میں تبدیل کردیا گیا ۔

بنگلہ دیش میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث آسمانی بجلی کڑکنے سے کم از کم 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں  دیگر چار افراد چٹاگانگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش اور بھارت کے شمال مشرقی بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث آئندہ دو دنوں میں سیلابی صورتِ حال مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔

بھارت کی ریاست میگھالیہ میں بھی بارشوں، لینڈسلائیڈنگ اور دیگر واقعات سے کم از کم 16 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔  ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق ریاست آسام  میں سیلاب کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے ہیں، آسام کے 28 گاوں زیر آب آ گئے ہیں ۔

مزیدخبریں