باغبانپورہ میں لین دین کے تنازع پر فائرنگ،1 راہگیر جاں بحق, 2افراد زخمی

19 Jun, 2022 | 12:59 PM

(اسرار خان ) باغبانپورہ کے علاقہ میں لین دین کے تنازع پر فائرنگ   کی زد میں آکر راہگیر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ۔

فائرنگ کا واقعہ باغبانپورہ کے علاقہ احمد ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں ملزم حمزہ، بلال اور شان بٹ نے لین دین کے تنازع پر فائرنگ کر کے 50 سالہ غلام محمد اور 25 سالہ سمیع اللہ کو زخمی کر دیا،  ملزموں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر 20 سالہ قربان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے فرانزک ماہرین کی مدد سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے ملزموں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ سے رپورٹ طلب کرلی، سی سی پی او نے واقعہ میں ملوث ملزموں کی جلد گرفتاری کا بھی حکم دیا ۔
 

مزیدخبریں