سٹی42: پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2021 کے تحت مختلف مقابلوں میں جیتنے والے فنکاروں میں انعامات تقسیم کرنےکی تقریب۔وزیراعلیٰ پنجاب کا پنجاب کا الگ ٹی وی شروع کرنے کا اعلان کردیا
تفصیلات کےمطابق ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تھے۔ تقریب میں صوبائی سطح پر مقابلے جیتنے والے فنکاروں،ان کے والدین اور بہن بھائیوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیتنے والے فنکاروں کو مبارکباد دی اورانعامات تقسیم کیے
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا جیتنے والے فنکاروں ان کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ثقافت کے فروغ کیلئے جامع اقدامات کیےگئے ہیں ماضی میں شعبہ ثقافت کو نظر انداز کیاگیا- انہوں نے کہا کہ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے نئے فنکار وں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے ٹی وی کےذریعے نئے ٹیلنٹ کو پروموٹ کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ٹیلی ویژن کا آغاز 26 نومبر 1964 کو لاہور کے اسٹیشن سے ہوا۔ حکومت پاکستان نے اکتوبر 1964 میں تجرباتی بنیاد پر جاپان کی ایک فرم نپن الیکٹرک کمپنی کے تعاون سے پاکستان کے دوشہروں لاہور اور ڈھاکہ میں ٹیلی ویژن اسٹیشن کھولنے کا فیصلہ کیا اور 26 نومبر 1964کو لاہور اور25 دسمبر 1964 کو ڈھاکہ میں ٹیلی ویژن اسٹیشن کھولے گئے۔ یہ دونوں اسٹیشن شروع میں روزانہ تین گھنٹے کی نشریات کا اہتمام کرتے تھے اور ہفتہ میں ایک دن یعنی پیر کو ٹی وی کی نشریات نہیں ہوتی تھیں۔ شروع شروع میں ٹی وی کے تمام پروگرام اسٹیشن میں تیار نہیں ہوتے تھے بلکہ نشریات کا زیادہ حصہ درآمدی اور دستاویزی معلوماتی پروگراموں پر مبنی تھا۔
پاکستان ٹیلی وژن کا پہلا چنیل پی ٹی وی ورلڈ مصنوعی سیارے کے ذریعے تقریباً 32 ممالک میں دکھایا جانے لگا۔ بعد میں پی ٹی وی اور چینل تھری کو بھی مصنوعی سیارے کے ذریعے سے دکھایا جانے لگا۔ 2007 میں پی ٹی وی ون کو پی ٹی وی ہوم اور پی ٹی وی ورلڈ کو پی ٹی وی نیوز اور چینل تھری کو ایک پرائیویٹ ادارے کے سپرد کرکے اس کا نام اے ٹی وی رکھ دیا گیا۔ اس کے علاوہ پنجابی اور کشمیری اور بلوچی زبان کے چینل بھی شروع کیے گئے۔ امریکہ اور یورپ کے لیے پی ٹی وی گلوبل کے نام سے ایک چنیل کی ابتدا ہوئی۔