مانیٹرنگ ڈیسک: چین میں صرف ایک دن میں دس منزلہ رہائشی عمارت کھڑی کردی گئی جس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمارت کے کمرے اور گوشے پہلے ایک بہت بڑے کارخانے میں بنائے جاتے ہیں اور پھر انہیں ٹرکوں پر رکھ کرعمارت کی جگہ لا یا جاتا ہے۔ وہاں ان تمام گوشوں کو ایک جگہ جمع کرکے نٹ اور بولٹس سے جوڑا جاتا ہے۔ یہ عمارت بیجنگ میں صرف 28 گھنٹوں میں تعمیر کی گئی ہے۔
براڈ گروپ نامی چینی کمپنی اس کام میں ماہر ہے جس نے یہ نیا کارنامہ انجام دیا ہے۔براڈ گروپ کے ترجمان کے مطابق عمارت کے تمام حصوں کو ایک جگہ پہنچایا گیا جہاں کرینوں اور مزدوروں کی مدد سے 28 گھنٹوں اور 45 منٹ میں پوری عمارت اسمبل کی گئی ہے۔ یہ کام گاڑیوں کے کارخانے جیسا ہے جس میں اسمبلی لائن پر تمام پرزے اور آلات جمع کرکےگاڑی تیار کی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق عمارت کا پورا اسٹرکچر زلزلے کو برداشت کرسکتا ہے۔اور حسبِ ضرورت اسے کھول کر دوبارہ بکھیر کر کسی دوسرے مقام تک لے جایا جاسکتا ہے۔ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اسی طریقے سے 200 میٹر بلند عمارت باآسانی بنائی جاسکتی ہے۔