سٹی 42:ایکسپو ویکسینیشن سنٹر پر ویکسین ختم، ویکسین ختم ہونے پر شہریوں کا پارہ ہائی ہوگیا، انتظامیہ نے شہریوں کو باہر نکالا لیکن شہری انتظامیہ کو پیچھے دھکیل کر تمام رکاوٹیں توڑ کر اندر داخل ہوگئے۔
لاہوریوں میں غم وغصہ شدت اختیار کرگیا، ویکسین ختم ہونے کے باعث شہریوں کی ایکسپو سنٹر کے باہر لمبی لائنیں لگی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسپو سنٹر میں ویکسینیشن ختم ہونے کے بعد انتظامیہ شہریوں کو دھکے دے کر باہر نکال رہی ہے.
دوسری طرف ایکسپو سنٹر کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سائنو ویک کی 1.5 ملین خوراکیں اگلے ہفتے پہنچیں گی۔ سکیورٹی گارڈز کا کچھ شہریوں کو یہ بھی کہنا ہے کہ نادرا کا ڈیٹا اپ ڈیٹ ہونے والا ہے، سسٹم ابھی بند ہے۔ اس لئے یہاں سے چلے جائیں۔
سخت گرمی سے بوکھلائے شہری جب ویکسین لگوانے ایکسپو سنٹر پہنچے تو انہیں ٹکا سا جواب دے دیا گیا جب انہوں نے احتجاج کیا تو انہیں سکیورٹی گارڈز نے دھکے دئیے۔