نشتر پارک (حافظ شہباز علی) ملتان سلطانز کے مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود نے قومی ٹیم میں واپسی پر نگاہیں مرکوز کرلیں۔
کرکٹر صہیب مقصود نے اپنی بیٹنگ میں نکھار کا سبب ٹیم مینجمنٹ کے بھرپور اعتماد کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹاپ آرڈر میں اچھی اننگز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، شاٹ سلیکشن میں بہتری کے بعد اس پوزیشن پر ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی زیادہ رنز بنانے میں کامیاب ہوا، میری کوشش ہے کہ بیٹنگ میں مزید نکھار لاکر ایک بار پھر قومی ٹیم میں جگہ پا سکوں، میں 2016 کے بعد سے پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکا، انجریز کا شکار رہا، اب فٹنس پر کام کرنے کے ساتھ تکنیک کو بھی بہتر بنا لیا، ایسا لگ رہا ہے کہ ڈیبیو سے زیادہ مشکل کام قومی ٹیم میں کم بیک ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت دیگر بیٹسمین بھی کافی اچھا پرفارم کر رہے ہیں، مجھے جہاں موقع ملے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ سلیکٹرزکی توجہ حاصل کرسکوں۔
صہیب مقصود نے کہاکہ ملتان سلطانز کی کارکردگی کراچی میں بھی خراب نہیں رہی لیکن معمولی فرق سے ہارتے رہے، میں حالیہ کامیابیوں کا کریڈٹ بولنگ لائن کو دوں گا، کم بیک کرنے کے بعد ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں، کوشش ہوگی کہ اگلے میچز میں بھی جیت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے پلے آف اور پھر فائنل تک رسائی پائیں۔
انھوں نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں کا اسٹرائیک ریٹ زبردست ہے، وہ کوئی خطرہ مول نہیں لیتے، عام طور پر 170 یا 180 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلیں تو اس کے لیے کچھ خطرناک شاٹس بھی کھیلنا پڑتے ہیں۔