( شہزاد خان ابدالی ) ہزاروں کی باتیں ہوئیں اب پرانی، سونے ملے گا مگر لاکھوں روپے خرچ کرکے، 900 روپے مزید اضافے کے ساتھ شہر کے صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ روپے فی تولہ پر پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں نے ایک مرتبہ پھر نئی تاریخ رقم کردی۔ جمعہ کے روز 900 روپے مزید اضافے کے ساتھ سونے کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔ خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونا 100200 روپے کا ہوگیا۔ بائیس قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 91500 روپے تک پہنچ گئی۔
جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن صرافہ ایسوسی ایشن طاہر محمود بھٹی کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر ڈالر اور عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے سے مقامی مارکیٹوں میں بھی سونا مہنگا ہوا۔
جمعہ کے روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 8 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد بین الاقوامی منڈیوں میں فی اونس سونے کی قیمت 1730 ڈالر ہوگئی۔ زرگرز نے کہا کہ سونے کی قیمتوں میں اضافہ تباہ کن ہے، تجارت پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔
سونے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر خواتین صارفین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ اب سونے کی بجائے مصنوعی زیورات خریدنا پڑیں گے، ایک لاکھ روپے فی تولہ سونا قوت خرید سے باہر ہے۔