ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

’’نمبر گیم پوری ہے، بجٹ باآسانی پاس کرا لیں گے‘‘

’’نمبر گیم پوری ہے، بجٹ باآسانی پاس کرا لیں گے‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حسن خالد ) وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی مکمل طور پر ختم ہو چکی، مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو ہمارے عام کارکنوں نے شکست دی، اختر مینگل کو منا لیا، وفاقی بجٹ منظور کرانے کے لئے اراکین کی تعداد پوری ہے، باآسانی منظور کرا لیں گے، اپوزیشن جمہوریت کو بچانے اور اسمبلی چلانے کے لئے ضابطہ اخلاق پر دستخط کرے۔

کینال ویو سوسائٹی میں پاکستان تحریک انصاف کے نئے سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کے ہمراہ وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری اور پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری بھی موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کی ملاقات پر انہیں باقاعدہ وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو بھی گذشتہ 10 سالوں میں کی گئی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔ نعیم الحق نے وفاق اور پنجاب کے بجٹ باآسانی منظور کرا لینے کا دعویٰ بھی کیا، انہوں نے کہا کہ نمبر گیم پوری ہے، 29 جون تک بجٹ پاس کرالیں گے۔

نعیم الحق نے قومی اسمبلی کی کارروائی چلانے کے حوالے سے بھی اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر دستخط کرتے ہوئے جمہوریت کو چلنے دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اختر مینگل کو ان کے حلقے کے لئے ترقیاتی فنڈز دے کر منا لیا گیا ہے، اپوزیشن جماعتیں قانون کے دائرے میں رہ کر حکومت کے خلاف احتجاج کریں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن سرخ لکیر پار کی گئی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ گذشتہ 10 سالوں میں لئے گئے 24 ہزار ارب میں سے 4 سے 5 ہزار ارب روپے کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں مل پایا، جس کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنا دیا گیا ہے۔