این اے 131 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور

19 Jun, 2018 | 03:54 PM

Read more!

(سٹی 42)لاہور کے حلقہ این اے 131 سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں، ریٹرننگ افسر کے فیصلے پرآر او کے دفتر کے باہر موجودپی ٹی آئی کے کارکنوں نے نعرے بازی کرکےخوشی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق 2018 کا الیکشن کون لڑے گا؟ کون گھر جائے گا؟ فیصلہ ابھی کچھ دیر میں ہوجائے گا، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال  کا آج آخری دن ہے، شام 4 بجے اُمیدواروں کی حتمی فہرستیں آویزاں کردی جائیں گی۔

ابھی تک مریم نواز، شہبازشریف، حمزہ شہباز، سیف الملوک کھوکھر، حافظ نعمان ، ولید اقبال، واجد عظیم، بیرسٹر حماد، ملک وحید، میاں مرغوب اشتیاق، حنا پرویز بٹ، عبدالعلیم خان، میاں محمود الرشید، عزیز الرحمان چن  اور شعیب صدیقی الیکشن لڑنے کے اہل قرار پائے ہیں۔

سٹی 42 کے مطابق چیئر مین تحریک انصاف  کے وکیل پیر مسعود چشتی ایڈووکیٹ اورشعیب صدیقی بطورنمائندہ عمران خان ریٹرنگ افسر کے سامنے  پیش ہوئے اور جائیداد کی تفصیلات پیش کیں، ریٹرنگ افسر  نےوکلا کے دلائل سننے کے بعد جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار عبدالوہاب کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے این اے 131 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ لاہور کے اس حلقہ سے عمران خان کی ٹکر میں ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق ہیں جو سال 2008 اور 2013 کے عام انتخابات میں یہاں سے کامیابی حاصل کرچکے ہیں، سعد رفیق کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کیے جاچکے ہیں۔

مزیدخبریں