اویس کیانی : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ابوظہبی پورٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خرم عزیز خان کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی ۔
وفد نے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ابوظہبی پورٹس پاکستان کراچی بندرگاہ میں آئندہ دس برس کے دوران 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا. 130 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے تعمیر ہونے والا جدید اور تمام ضروری سہولیات سے لیس ملٹی پَرپَز ٹرمینل آئندہ دو برس میں مکمل ہو جائے گا.
وفد نے وزیرِ اعظم کو کراچی بندرگاہ پر کنٹینر ٹرمینل کی سہولیات میں بہتری کیلئے کمپنی کی سرمایہ کاری پر تفصیلی بریفنگ دی، بتایا کہ کنٹینر ٹرمینل کے منصوبے میں ایکسس کنٹرول، خودکار گیٹس، برتھ میں مزید 200 میٹر کی توسیع، کرین ریل ٹریک اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر شامل ہے.ٹرمینل پر نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر سے ایک لاکھ 20 ہزار ٹن تک کے مال بردار جہاز لنگر انداز ہو سکیں گے جس سے بندرگاہ پر معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا.
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید مشینری سے بندرگاہ پر سامان و کنٹینرز کے انتظام کو بہتر کیا جائے. انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹینرز کے نظام کو بہتر کرکے کلیئیرنس کیلئے درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے. ابوظہبی پورٹس کے ساتھ معاہدے کا مقصد شفافیت، استعداد کار میں اضافہ اور پورٹ آپریشنز کی بہتری ہے. ابوظہبی پورٹس کے ساتھ معاہدے کے نفاذ میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرکے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا.
وزیرِ اعظم نے ریلوے حکام کو منصوبے کو فعال بنانے اور ٹرمینل سے سامان کی ترسیل کو بہتر کرنے کیلئے مال بردار بوگیوں اور ضروری رولنگ اسٹاک کی فراہمی کی بھی ہدایت کر دی.