مون سون میں توسیع کی پیش گوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

19 Jul, 2023 | 06:52 PM

سٹی 42: مون سون بارشوں کا سلسلہ 19تا 23 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ۔ 

تفصیلات کے مطابق  مون سون بارشوں کا سلسلہ مزید 3 سے 4 روزتک جاری رہے گا جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ شدید بارش کے نتیجے میں دریائے جہلم اور چناب میں درمیان سے اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور کراچی میں سیلابی صورتحال متوقع جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ 

مون سون کے حالیہ سلسلے کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے ممکنہ اثرات کے پیشنظر تمام متعلقہ وفاقی وزارتوں، اداروں، صوبائی حکومتوں اور ان کے ذیلی اداروں، میونسپل انتظامیہ کو ضروری احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملہ اور مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں ۔این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان میں گلوف کے خطرے کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

 متعلقہ محکموں کو بارشوں کے دوران خطرے سے دوچار علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو فعال بنانے اور دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری۔متعلقہ محکمے سیلابی ریلوں، نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب گاڑیوں کی نقل وحرکت کو محدود رکھنے کیلئے بھی آگاہی مہم چلائیں۔عوام الناس موسمی حالات سے آگاہ رہیں اور پہاڑی و لینڈ سلائیڈ کے خطرے سے دوچار علاقوں کے سفر میں احتیاط برتیں.
ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں اور ان سے تعاون کریں.

مزیدخبریں