بیرون ملک سے گرفتار اشتہاریوں کی سنچری مکمل، کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا

19 Jul, 2023 | 02:58 PM

ویب ڈیسک: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے کاروائی کرتےہوئے 03 خطرناک اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتارکرلیا۔ 

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شعیب غنی، خالد محمود اور عبدالحامد نامی اشتہاری سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔ پنجاب پولیس کی ٹیم تینوں اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرکے لاہور ائیر پورٹ پہنچ گئی ۔ گرفتار اشتہاری خالد محمود قتل کے مقدمہ میں خانیوال پولیس کو مطلوب تھا ۔

دوسری جانب شعیب غنی اقدام قتل کے مقدمہ میں فیصل آباد پولیس جبکہ عبدالحامد قتل کے مقدمہ میں مردان پولیس کو مطلوب تھا ۔خیبر پختونخواہ پولیس کی درخواست پر اشتہاری عبدالحامد کو پاکستان لا کر مردان پولیس کے حوالے کیا گیا۔ 

 پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کو انٹر پول کی مدد سے ریڈ نوٹس جاری کروا کر پاکستان لایا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباشی دی۔ 

 آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکا کہنا ہے کہ قتل ، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر مقدمات میں ملوث اشتہاریوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے ۔انٹرپول ، ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے مجرمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آر پی اوز ، ڈی پی اوز اشتہاری مجرمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔

واضح رہے کہ بیرون ملک سے گرفتار اشتہاریوں کی سنچری مکمل ہوگئی۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر کریک ڈاؤن کو مزید تیز کر دیا ۔  گرفتار ہونے والے 100 اشتہاری مجرمان کو امریکہ ، برطانیہ ، یورپ ، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک سے گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا ہے۔

مزیدخبریں